دنیا
Time 23 اکتوبر ، 2020

60 سال سے سائیکل پر سفر کر کے غریبوں کا مفت علاج کرنے والا 87 سالہ ڈاکٹر

فوٹو بشکریہ اے این آئی

دنیا میں ہمدرد اور  دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے افراد کی کمی نہیں لیکن جب بات آئے ضعیف العمر افراد کی تو ایسے لوگ ہمدردی کرنے کے بجائے، ہمدری وصول کرنے کے زیادہ متقاضی ہوتے ہیں۔

لیکن آج ہم آپ کو بتانے جا رہے ہیں ایک ایسے87 سالہ مسیحا کی کہانی جن کی بڑھتی عمر بھی ان کے بھلائی کے کاموں کے آڑے نہ آسکی۔

بھارتی ریاست مہارشتڑا کے شہر ناگپور سے تعلق رکھنے والے ہومیوپیتھک ڈاکٹر رام چندرا دندیکر روزانہ سائیکل پر کئی کلو میٹر سفر کر کے ضلع چندرپور کے غریب علاقے مل ٹاؤن پہنچتے ہیں اور گاؤں کے غریب افراد کو مفت علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔

1957-58 کے دوران ناگپور کالج آف ہومیوپیتھی سے ڈپلومہ کرنے کے بعد رام چندر نے غریبوں کے مفت علاج و معالجے کا مصمم ارادہ کیا اور وہ 60 برس سے باقاعدگی کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

فوٹوفائل

سائیکل پر روزانہ کئی میل سفر کر کے اپنے مریضوں کو خود ڈھونڈنے والے آکٹوجینیرین رام چندریکر آج بھی نہ کوئی لاٹھی پکڑتے ہیں نہ ہی نظر کی کمزوری کا چشمہ لگاتے ہیں، اور تو اور رام چندرا دندیکر اس جدید دور میں موبائل فون کا استعمال بھی نہیں کرتے۔ باقاعدگی سے سائیکل سواری نے رام چندرا دندیکر کو اس عمر میں بھی صحت مند اور چاک و چوبند رکھا ہوا ہے۔

رام چندرا دندیکر کے بارے میں دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ اپنی پیشہ ورانہ خدمات کے باعث رام چندرا دندیکر اب تک سیکڑوں مریضوں کی صحتیابی اور جان بچانے کا وسیلہ بن چکے ہیں۔

رام چندرا کا معمول بس یہی ہے کہ وہ صبح سویرے 6:30 بجے سائیکل پر دو بستوں میں ضروری ٹیسٹنگ کٹ، ادویات اور دیگر آلات لیے غریبوں کی مدد کے لیے نکل پڑتے ہیں۔

اس حوالے سے رام چندرا دیکر کہتے ہیں کہ میں روزانہ گاؤں میں 8 سے 9 کلو میٹر سفر کر کے مقامی جگہ پہنچتا ہوں جہاں گاؤں کے بیمار اور غریب افراد مجھ سے بیماری کی تشخیص اور علاج و معالجے کے لیے ملاقات کرتے ہیں۔

ڈاکٹر رام چندرا کا کہنا ہے کہ بعض اوقات گاؤں کے پنچائتی گھر  میں غریبوں کا علاج کیا جاتا ہے، میں کبھی ان افراد سے فیس کا مطالبہ نہیں کرتا لیکن اگر مریض خود مجھے فیس دینا چاہیں تو میں قبول کر لیتا ہوں۔

مزید خبریں :