27 اکتوبر ، 2020
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ اگر گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کی کوشش بھی کی گئی تو عوام کے ساتھ اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری ان دنوں گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں اسکردو میں موجود ہیں جہاں وہ انتخابی مہم زور و شور سے چلارہے ہیں۔
اسکردو میں کارنر میٹنگ سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن اقتدار کا نہیں، آپ کے مستقبل کا الیکشن ہے اور ہمیں گلگت بلتستان کو اس تباہی سے بچانا ہے جو پورے پاکستان میں تبدیلی کے نام سے شروع ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو یہاں دھاندلی کی اجازت نہیں دیں گے، اگر ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی توگلگت کی عوام کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے اور دھرنا دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان قیادت ہی نوجوانوں کے مسائل حل کرسکتی ہے، نوجوانوں کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے اور اس کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔