Geo News
Geo News

Time 27 اکتوبر ، 2020
دنیا

آذربائیجان سے جنگ: آرمینیائی وزیراعظم کی اہلیہ کا سرحد پر جانے کا اعلان

آذری فوج کو اس وقت آرمینیا پر برتری حاصل ہے اور دو بار جنگ بندی کی کوششیں بھی ناکام ہوچکی ہیں— فوٹو: فائل 

آذربائیجان سے جاری جنگ میں آرمینیائی وزیر اعظم کی اہلیہ بھی میدان جنگ میں جانے کیلئے فوجی تربیت حاصل کرنے لگیں۔

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ’نگورنو کاراباغ‘ کے تنازع پر شدید جنگ جاری ہے اور آذری فوج نے کئی علاقوں کو آزاد کرلیا ہے۔

آذری فوج کو اس وقت آرمینیا پر برتری حاصل ہے اور دو بار جنگ بندی کی کوششیں بھی ناکام ہوچکی ہیں۔

آرمینیائی وزیراعظم کی اہلیہ جنگ کے آغاز میں بھی آرمی کیمپ میں گئی تھیں — فوٹو: فائل/  آرمینیائی میڈیا

اس صورتحال کے بعد آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پاشنیان کی اہلیہ آنا ہکوبیان نے بھی فوجی تربیت لینا شروع کردی ہے۔ 

آرمینیائی وزیراعظم کی اہلیہ جنگ کے آغاز میں بھی آرمی کیمپ میں گئی تھیں — فوٹو: فائل/ آرمینیائی میڈیا

آرمینیائی وزیر اعظم کی اہلیہ نے فیس بک پر تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ فوجی لباس میں ہیں اور تربیت حاصل کررہی ہیں۔

آرمینیائی وزیر اعظم کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ میرے ہمراہ 13 خواتین نے جنگی تربیت اور مشق کرنا شروع کردی ہے اور ہم جلدہی ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے بارڈر پر جائیں گے۔

آرمینیائی وزیراعظم کی اہلیہ کی حالیہ تصویر — فوٹو: فیس بک

خیال رہے کہ آرمینیائی وزیراعظم کی اہلیہ پیشے کے اعتبار سے صحافی ہیں اور اس سے قبل بھی وہ جنگ کے  آغاز میں فوجیوں کا جذبہ بڑھانے کیلئے آرمی کیمپ پہنچی تھیں۔

 ان کا 20 سالہ بیٹا بھی جنگ کے دوران آرمینیائی فوج میں بطور رضاکار شامل ہوا تھا۔

واضح رہے کہ عالمی سطح پر ’نگورنو کارا باخ‘ آذربائیجان کا تسلیم شدہ علاقہ ہے تاہم اس پر آرمینیا کے قبائلی گروہ نے فوج کے ذریعے قبضہ کررکھا ہے جب کہ اسی قبضے کے باعث پاکستان آرمینیا کو تسلیم نہ کرنے والا واحد ملک ہے۔