کاروبار
Time 28 اکتوبر ، 2020

ملک میں سونا سستا، روپیہ بھی مزید تگڑا ہوگیا

پاکستان میں سونے کی قدر میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے اور فی تولہ سونے کی قیمت میں 1250 روپے کم ہوئی ہے۔

سندھ صرافہ بازار جیولرز  ایسوسی ایشن کے مطابق 1250 روپے کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قدر ایک لاکھ 13 ہزار 250 روپے ہوگئی ہے۔

10 گرام سونےکی قدر 1071 روپے کم ہوکر 97 ہزار 94 روپے ہوگئی ہے، ایسوسی ایشن کےمطابق عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 9 ڈالر کم ہوکر ایک ہزار 894 ڈالر فی اونس ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج سرمایہ کار ی کا منفی دن رہا اور 100 انڈیکس 194 پوائنٹس کم ہوکر 41 ہزار 186 پر بند ہوا۔

کاروباری دن میں 100 انڈیکس 623 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، انڈیکس کی کم ترین سطح آج 41 ہزار 72 پوائنٹس رہی۔

بازارِ حصص میں آج 415 کمپنیوں کے 36 کروڑ شیئرز کےسودے ہوئے جن کی مالیت 15 ارب روپے سے زائد رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج 36 ارب روپے کم ہوئی ہے اور  کاروباری دن کے اختتام پر 7 ہزار 609 ارب روپے ہے۔

ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید تگڑا 

ملکی مبادلہ مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر گرنے اور روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں آج ڈالر کی قدر 29 پیسے مزیدکم ہوئی ہے۔ کاروباری دن کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قدر 160 روپے 62 پیسے رہی۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 40 پیسے کم ہوکر 160 روپے 70 پیسے پر بند ہوئی۔