Time 29 اکتوبر ، 2020
کھیل

12 سال بعد جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکانات روشن

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورہ پاکستان کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بورڈ کا 4 رکنی وفد پیر کی صبح اسلام آباد پہنچے گا— فوٹو:فائل 

12 سال بعد جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکانات روشن ہوگئے ہیں اور دورے کی کلیئرنس کیلئے افریقی بورڈ کا سیکیورٹی وفد پیر کو اسلام آباد پہنچے گا۔

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورہ پاکستان کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کرکٹ ساؤتھ افریقا (سی ایس اے) کا 4 رکنی وفد پیر کی صبح اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جنوبی افریقا کے 4 رکنی وفد کی قیادت کرکٹ آپریشن مینجر مائیک گجر کریں گے جبکہ دیگر اراکین میں جنوبی افریقی پلیئرز ایسوسی ایشن کے نمائندے اسٹیفین کریگ کوک، سیکیورٹی کنسلٹنٹ روری اسٹین اور ٹیم سیکیورٹی منیجر محمد زنید وادی شامل ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق مہمان وفد اسلام آباد میں سیکیورٹی حکام سے ملاقات کے علاوہ راولپنڈی، کراچی اور لاہور میں سیکیورٹی اور بائیو سیکیور انتظامات کا جائزہ لے گا۔

راولپنڈی میں قیام کے دوران افریقی بورڈ کے نمائندے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان میچ بھی دیکھیں گے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان مہمان وفد کو پی سی بی کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دیں گے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقی ٹیم کو پلان کے مطابق جنوری کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے، ذرائع نے بتایا کہ مہمان ٹیم کے دورے کا آغاز 26 جنوری سے کراچی ٹیسٹ کے ساتھ کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقا نے 08-2007 میں آخری بار پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم اس کے بعد پاکستان کی ہوم سیریز دبئی میں کھیلی گئی ہیں۔

مزید خبریں :