29 اکتوبر ، 2020
ملک میں کو رونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں ایک بار پھر متاثر ہونا شروع ہو گئیں۔
لاہور کے پنجاب اسکواش کمپلیکس میں گزشتہ دو ماہ سے اسکواش کی سرگرمیاں کورونا وائرس کے ایس او پیز کے ساتھ جاری تھیں، اس دوران ایک ایج گروپ ٹورنامنٹ بھی کھیلا گیا لیکن اب پنجاب اسکواش کمپلیکس کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث کمپلیکس کو بند کیا گیا ہے جب کہ کم از کم دو کھلاڑیوں میں بھی کووڈ 19 کی علامات پائی گئی تھیں۔
پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شیراز سلیم کے نام سے کمپلیکس کے مرکزی دروازے پر نوٹس چسپاں کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسکواش کمپلیکس حفاظتی وجوہات کے باعث 4 نومبر تک بند کیا گیا ہے۔