30 اکتوبر ، 2020
نیویارک: 24 اکتوبر کو نیو یارک میں شادی کے بندھن میں بندھنے والا نوجوان پاکستانی/ امریکن جوڑا بہاماس کے جزیرے میں ہنی مون منانے کے دوران سمندر کی بے رحم لہروں کے ہاتھوں موت کا شکار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق نیو یارک میں کئی سال سے مقیم مقبول ملک کے صاحبزادے محمد ملک اور پاکستانی نژاد ڈاکٹر نور شاہ 24 اکتوبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور ہنی مون کیلئے بہاماس نامی ٹورسٹ جزیرے پر گئے جہاں وہ سمندر کی بے رحم لہروں کا شکار ہو گئے۔
ان کی موت کی اطلاع امریکی حکام نے محمد ملک کے والد کرنل (ر) مقبول ملک کو دی جس سے وہ شدید صدمے میں مبتلا ہوگئے۔
نوبیاہتا جوڑے کی موت کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں تاہم نیو یارک کی پاکستانی کمیونٹی میں صدمہ اور سوگ کی فضا پائی جاتی ہے۔