پاکستان
Time 03 نومبر ، 2020

کورونا: ’بروقت فیصلے نہ کیے تو صورتحال خطرناک حد تک پہنچ سکتی ہے‘

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہےکہ کورونا کو لے کر ابھی ہم اُس مرحلے پر ہیں جہاں بروقت فیصلے نہ کیے گئے تو صورت حال خطرناک حد تک پہنچ سکتی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح کے حوالے سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد میں زیادہ سختی کی ضرورت ہے۔

’آج این سی او سی کی میٹنگ میں اہم تجاویز رکھی جائیں گی‘

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کے بڑھتے کیسز کی روک تھام کے لیے اضافی اقدامات پر غور کیا ہے۔

اسد عمر نے بتایا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کی روک تھام کے لیے اضافی اقدامات کے حوالے سے تجاویز آج این سی او سی کی میٹنگ میں رکھی جائیں گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے معاشی سرگرمی متاثر کیے بغیر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال 

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے  اور ملک بھر میں اب تک وائرس سے 3 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد متاثر جب کہ اموات 6 ہزار 800 سے تجاوز کر چکی ہیں۔  

مزید خبریں :