’اب بالی وڈ جنون کے گانے گا رہا ہے‘

فوٹو: فائل 

بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز نے معروف پاکستانی بینڈ ’جنون‘ کے گانے سیونی  کا ریمیک کیا جس پر مداحوں نے بھارتی کمپنی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

گزشتہ دنوں بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز کی جانب سے جنون کے گانے سیونی کے ریمیک کی ویڈیو جاری کی گئی جس پر جنون کے مداحوں نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

سیونی کے بھارتی ورژن کو گلوکار ارجیت سنگھ نے گایا ہے جب کہ گانے میں اس گانے کے اصل گلوکار علی عظمت اور سلمان احمد کو کریڈیٹ دیا گیا ہے۔

لیکن سیونی کے ریمیک ورژن کو پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ بھارتیوں کی جانب سے ناپسندیدہ قرار دیا جا رہا ہے۔

مداحوں کا کہنا ہے کہ سیونی گانے کا اوریجنل ورژن ہی بہترین ہے۔

—اسکرین گریب 

اس ضمن میں جنون کے گانے سیونی کے گلوکار سلمان احمد کا بھی ردِ عمل سامنے آیا ہے۔

گلوکار سلمان احمد نے ٹوئٹر سیونی گانے کا اوریجنل لنک شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب میں کالج میں تھا تو کیمپس میں اس وقت ہر کوئی بالی وڈ یا مغربی گانے گنگنایا کرتے تھے، اب بالی وڈ جنون کے گانے گا رہا ہے‘۔

سلمان احمد نے بتایا کہ سیونی گانا پورے برصغیر میں سب سے زیادہ کور کیا جانے والا اور پرفارم کیا جانے والا پاکستانی گانا بن گیا ہے‘۔

گلوکار نے اپنی ٹوئٹ کے ساتھ تبدیلی کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

دوسری جانب سیونی کے گلوکار علی عظمت نے بغیر کوئی تنقید کیے گانے کا اوریجنل ورژن شیئر کیا اور لکھا کہ ‘یہ میرے مداحوں کے لیے ہے‘۔

خیال رہے کہ سیونی گانا پاکستان کے معروف بینڈ جنون کی جانب 1997 میں ریلیز کیا گیا تھا جسے گلوکار سلمان احمد اور علی عظمت نے گنگنایا تھا۔

مزید خبریں :