'قلندرز پی ایس ایل کا ٹائٹل ضرور جیتیں گے'

— کپتان لاہور قلندرز سہیل اختر

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ اس بار قلندرز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ٹائٹل ضرور جیتیں گے اور شاندار کارکردگی دکھاکر کورونا وائرس وبا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز اور اس سے متاثرہ افراد کو خراج تحسین پیش کریں گے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں سہیل اختر نے کہا کہ 14 نومبر سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے لاہور کے قلندرز کراچی میں جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں، ٹیم ایک بار پھر متحد ہوکر میدان میں اترے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ان مقابلوں کے لیے کافی پرجوش اور پرامید ہیں کیوں کہ جس طرح کا ٹیم کامبی نیشن بن چکا ہے، وہ یہ ٹائٹل ضرور جیتیں گے۔

ایک سوال پر سہیل اختر کا کہنا تھا کہ وہ میدان میں شائقین کی کمی محسوس کریں گے کیوں کہ لاہور قلندرز کی سب سے بڑی طاقت ٹیم کے فینز ہیں تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی فینز لاہور قلندرز کی سپورٹ جاری رکھیں گے۔ 

سہیل اختر نے فینز سے وعدہ کیا کہ لاہور کی ٹیم اس بار ان کو مایوس نہیں کرے گی اور ٹائٹل ضرور جیتے گی۔

ایک سوال پر جارح مزاج بیٹسمین نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ پلے آفس میں بڑی اننگز کھیل کر لاہور قلندرز کو سرخرو کرانے میں اپنا کردا رادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے بہت لوگ متاثر ہوئے ہیں اور اس دوران پاکستانی ڈاکٹرز نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر لوگوں کی مدد کی، لاہور قلندرز کی کوشش ہوگی کہ وہ پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں اپنی پرفارمنس سے ان تمام افراد کاکو خراح تحسین پیش کریں۔

مزید خبریں :