11 نومبر ، 2020
کراچی: عدالت نے کم عمر لڑکی سے شادی اور زبردستی اسلام قبول کرانے کے کیس میں شوہر سمیت 5 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں کم عمر نیہا سے زبردستی اسلام قبول کرانے اور شادی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے نیہا سے شادی کرنے والے ملزم سمیت 5 دیگر ملزمان کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور ملزمان کو گرفتار کر کے 15 نومبر تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
ملزمان میں نیہا سے زبردستی شادی کرنے والا ملزم عمران شامل ہے جب کہ دیگر ملزمان میں ریحان، مفتی احمد، جانن رحیمی، مسمات عذرا اور سندس شامل ہیں۔
خیال رہے کہ 2019 میں نیہا کے اغواء اور زیادتی کا مقدمہ اتحاد ٹاؤن تھانے میں درج ہوا تھا، نیہا نے عدالت کے سامنے اسلام قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا جب کہ متاثرہ لڑکی کی عمر بھی اس وقت 13 سال ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔