13 نومبر ، 2020
دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 35 رکنی قومی اسکواڈ میں شامل وہ کھلاڑی جو پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچوں میں شرکت نہیں کر رہے، انہیں پی سی بی نے آئندہ 10 روز محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پی سی بی کے میڈیکل پینل نے ایک ایڈوائزری تیار کی ہے جو کھلاڑیوں کو بھجوائی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کھلاڑیوں کو آئندہ 10 روز کووڈ 19 سے بچاؤ کے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے لہٰذا اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف گھروں میں احتیاط برتنے کے ساتھ ساتھ اپنی نقل و حرکت محدود رکھیں، ٹریننگ کھلی فضاء میں کریں اور اس دوران کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے۔