Time 14 نومبر ، 2020
پاکستان

پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ، مزید 2165 افراد وبا سے متاثر

کورونا وبا کی دوسری لہر نے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور ملک میں عالمی وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 34535 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2135 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ مزید 17 افراد انتقال کر گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ روز کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 6.26 فیصد رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7109 ہو گئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 54 ہزار 461 تک جا پہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 851 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے۔ پاکستان میں اس وقت کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 24938 ہے جب کہ 204 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 153873 ہوگئی ہے جب کہ 2722 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 109309 ہے اور 2462 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 16328 اور ہلاکتیں 155 ہو چکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 41723 اور 1305 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 5261 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 119 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4434 اور 93 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 23533 ہے اور اب تک 253 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

مزید خبریں :