کھیل
Time 14 نومبر ، 2020

پی ایس ایل 5: ملتان کو سپر اوور میں شکست، کراچی فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے پہلے کوالیفائر میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز نے سپر اوور میں ملتان سلطانز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

سپراوور میں کراچی کنگز  نے ملتان سلطانز کو جیت کےلیے 14 رنزکاہدف دیا لیکن ملتان کی ٹیم صرف 9 رنز بناسکی اور کراچی میچ 4 رنز سے جیت گیا۔

آج کے کوالیفائرمیچ کی فاتح ٹیم نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ ہارنے والی ٹیم کو فائنل میں پہنچنے کا ایک اور موقع ملے گا۔

آج ہارنے والی ٹیم ایلی منیٹر ون میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔

قبل ازیں پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے کے پہلے کوالیفائر میچ میں  کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 141 رنز بنائے اور کراچی کو جیت کیلئے 142 رنز کا ہدف ملا جواب میں کراچی کنگز نے بھی 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 141 رنز بنائے اور کراچی کو جیت کیلئے 142 رنز کا ہدف ملا جواب میں کراچی کنگز نے بھی 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا— فوٹو: پی ایس ایل

کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم 65 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، سہیل تنویر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں ملتان سلطانز نے مقررہ اوورزمیں 7 وکٹ پر 141 رنزبنائے،  روی بوپارہ 40 رنزبناکرنمایاں رہے،ذیشان اشرف 21 اور خوشدل شاہ 17 رنزبناکرآؤٹ ہوئے۔

شاہدآفریدی 12 اور ایڈم لائیتھ 9 رنزبناکرآؤٹ ہوئے، رائلی روسوو اورمحمد الیاس نے5،5 جبکہ شان مسعودنے 3 رنزبنائے۔

سہیل تنویر جارحانہ 25 رنزبناکرناقابل شکست رہے۔کراچی کنگزکے وقاص مقصود اورارشداقبال نے دودوکھلاڑیوں کوآؤٹ کیا،  عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے پی ایس ایل کا آخری مرحلہ مارچ میں  ملتوی کر دیا گیا تھا جو اب بغیر تماشائیوں کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مکمل کیا جارہا ہے۔

پی ایس ایل 5 کا آخری میچ سات ماہ قبل 15 مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں کوئٹہ نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پلے آف مرحلے میں شریک غیرملکی کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور ببل میں رکھا گیا ہے اور انہیں کھلاڑیوں کے علاوہ کسی سے بھی ملنے کی اجازت نہیں ہے۔

آپ پی سی ایل کے تمام میچز جیوسوپر پر براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔

مزید خبریں :