Time 15 نومبر ، 2020
پاکستان

محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق لیگی ایم این اے عبدالغفار ڈوگر کو گرفتار کر لیا

ملتان: مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی ملک عبدالغفار ڈوگر کو محکمہ اینٹی کرپشن نے گرفتار کر لیا۔

ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) بلال بٹ نے بتایا کہ سابق ایم این اے عبدالغفار ڈوگر کو چوک کمہاراں پر واقع ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سابق ایم این اے عبدالغفار ڈوگر کےخلاف دھوکہ دہی، سرکاری خزانےکو نقصان پہنچانے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، عبدالغفار ڈوگر کے خلاف مقدمے میں جعلی دستاویزات بنانےکی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آرکے مطابق عبدالغفار ڈوگر نے ایک کنال ایک مرلہ کےگھر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔

عبدالغفار ڈوگر کی گرفتاری کے خلاف ن لیگ کے کارکنوں نے اینٹی کرپشن دفتر کے سامنے احتجاج کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں کا کہنا تھا کہ ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل حکومت خوف کا شکار ہے جس کی وجہ سے ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع اینٹی کرپشن کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ عبدالغفار ڈوگر کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

عبدالغفار کو فوری رہانہ کیا تو حالات کی سنگینی کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی: رانا ثنا

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے ملتان سے لیگی رہنما عبدالغفار ڈوگر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالغفار ڈوگرکو آج صبح نماز فجر کے وقت گھر پر چھاپہ مارکر گرفتار کیا گیا، اینٹی کرپشن پنجاب نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عبدالغفارڈوگرپر الزام ہے کہ 20 سال قبل انہوں نے ایک مکان خریدا لیکن اس کا انتقال درست نہیں تھا، عبدالغفار ڈوگرکی گرفتاری صرف ملتان جلسے کو سبوتاژ کرنے کے لیے ایک بہانہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب عثمان بزدار کے آلہ کار نہ بنیں، عثمان بزدارکے ہر دوسرے دن فرنٹ مین سامنے آ رہے ہیں، حکومت ملتان اور لاہور جلسے کی عوامی پذیرائی سے گھبرا گئی ہے، اگرعبدالغفار ڈوگر کو فوری رہانہ کیا تو حالات کی سنگینی کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی۔

مزید خبریں :