Geo News
Geo News

Time 15 نومبر ، 2020
پاکستان

اسکردو میں پی پی اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم، 2 پولیس اہلکار زخمی

گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوران اسکردو میں یادگار شہداء کے قریب پیپلزپارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کےکارکنوں میں تصادم ہوگیا۔

پی ٹی آئی کی ریلی پیپلز سیکرٹریٹ کے سامنے سے گزر رہی تھی کہ دونوں جماعتوں کے کارکن آپس میں الجھ پڑے۔ 

کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں پتھراؤ کی زد میں آکر 2 پولیس اہل کار زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مشتعل افراد کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی گئی۔

بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ جی بی میر افضل نے بھی واقعے کا نوٹس لیا اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس بلتستان رینج کو سخت کارروائی کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ برف باری اور شدید سرم موسم کے باوجود گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے ووٹ ڈالے گئے ہیں۔