16 نومبر ، 2020
اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہےکہ بچوں اور اساتذہ کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے البتہ ابھی اسکول بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران تعلیمی اداروں میں کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور اس دوران تعلیمی اداروں اور ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی جب کہ موسم سرما کے شیڈول پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا کے کیسزخطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات نومبر سے جنوری تک کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کرے گی۔
وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ بچوں اور اساتذہ کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے البتہ ابھی اسکول بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں سے متعلق جو فیصلہ ہوگا اس پر سب کو عمل کرنا ہوگا۔
بعد ازاں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردیا گیا اور اسکولوں کی بندش سے متعلق فیصلہ ایک ہفتے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 7 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔