16 نومبر ، 2020
پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز مثبت آنے کی شرح 7 فیصد سے بھی تجاوز کرگئی۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 29511 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2128 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 19 افراد انتقال کرگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کےمطابق ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7.2 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7160 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 59032 تک جا پہنچے ہیں۔
اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 599 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 155680 ہوگئی ہے جب کہ 2747 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 110450 ہے اور 2475 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 16407 اور ہلاکتیں 156 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 42370 اور 1311 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 5455 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 121 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4452 اور 93 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 24218 ہے اور اب تک 257 مریض انتقال کرچکے ہیں۔