17 نومبر ، 2020
لاہور میں موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
ملزم نےجیونیوز سے خصوصی گفتگو میں اعتراف کیا کہ اس نے گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون کو باہر نکالا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔
عابد ملہی کی بتایا کہ واردات میں ملزم شفقت اس کے ساتھ تھا، موٹر وے پر ایک گاڑی نظر آئی جسے دیکھ کر دونوں اس کے پاس چلے گئے، گاڑی کا شیشہ توڑا اور خاتون کو نیچے اتارا، پہلے اس سے 20 ہزار روپے لوٹے اور پھر اس زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔
ملزم کا کہنا تھا واردات کے بعد وہ اپنے گھر شیخوپورہ جبکہ شفقت کہیں اور چلا گیا۔ ملزم نےبتایا کہ قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ میں چھاپے سے قبل ہی پولیس کو دیکھ کرفرار ہو گیا۔
عابد نے یہ بھی بتایا کہ متاثرہ خاتون نے اسے شناخت بھی کرلیا ہے۔
دوسری طرف انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم سےتفتیش مکمل ہو چکی ہے، مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں جس پر عدالت نےاسے جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔