Time 18 نومبر ، 2020
پاکستان

کورونا: ’پاکستان میں گرمیوں سے پہلے ویکسین کی بڑی مقدار میں دستیابی ممکن نہیں‘

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ گرمیوں سے پہلے پاکستان میں ویکسین کی بڑی مقدار کی دستیابی ممکن نہیں۔

جیونیوز کے مطابق اسد عمر نے کہاکہ بداحتیاطی کا نتیجہ ہے کہ کورونا کیسز میں 4 گنا اضافہ ہوا اور  خدشہ ہے کہ اسپتالوں میں جون جیسے حالات ہوں۔

کورونا ویکسین سے متعلق انہوں نے کہا کہ گرمیوں سے پہلے پاکستان میں ویکسین کی بڑی مقدار کی دستیابی ممکن نہیں۔

نیشنل کمانڈ سینٹر کے سربراہ کا کہنا تھا کہ این سی او سی نے 300 سے زائد لوگوں کے اجتماع کی اجازت نہ دینےکافیصلہ کیا ہے اور سندھ حکومت چاہتی ہےکہ باہر تقریبات پر پابندی کے بجائے گنجائش سے 50 فیصد افراد کی اجازت ہو۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں اور معیشت کا تحفظ چاہتے ہیں تو بطور لیڈر ہمیں خود پر پابندی لگانا ہوگی۔

واضح رہےکہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اورگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2208 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 37 افراد کی جان گئی جس سے ملک میں وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 7230 ہوگئی ہے جب کہ کل کیسز 3 لاکھ 63380 تک جا پہنچے ہیں۔

مزید خبریں :