24 نومبر ، 2020
لاہور میں برکی روڈ پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے پر دہشت گرد کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد نے برکی روڈ پر سی ٹی ڈی تھانے میں گھسنے کی کوشش کی اور ساتھ میں فائرنگ بھی کی۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد نے تھانے میں گھس کر فائرنگ کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے 2 ہینڈ گرینیڈ، ایک خودکش جیکٹ اورپستول بھی برآمد ہوا ہے۔
سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا کہنا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکوک افراد اور لاوارث اشیا پر کڑی نظر رکھی جائے اور شہری مشکوک سرگرمی اور افراد کی فوری اطلاع 15 پر دیں۔