24 نومبر ، 2020
اسلام آباد: پاکستان نے باقاعدہ طور پر کورونا ویکسین کی تیاری کا عمل شروع کر دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے وزارت صحت کو کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے مراسلہ لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت تمام اسٹیک ہولڈرز اور پرائیویٹ سیکٹر سے مشاورت کرکے تجاویز تیار کرے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں امریکا سے خط و کتابت کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کی پاکستان میں تیاری میں امریکا نے تعاون پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ امریکا کورونا ویکسین پہلے اپنے شہریوں اور پھر اتحادیوں کو دے گا، امریکا نے ویکیسین تیاری میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے وزارت صحت کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور پرائیویٹ سیکٹر سے مشاورت کر کے فوری طور پر تجاویز بھجوائی جائیں۔