کھیل
Time 25 نومبر ، 2020

10 سال کے دوران دنیا کے بہترین کرکٹرز کی نامزدگیاں، پاکستان سے کون نامزد ہوا؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے گزشتہ دہائی کے بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا۔

 آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں گزشتہ دس سال کے بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے مختلف نامزدگیاں کی گئی ہیں۔

11جنوری 2011 سے 7 اکتوبر 2020 تک کی پرفارمنس کی بنیاد پر دہائی کے بہترین کھلاڑی کیلئے بھارت کے ویرات کوہلی، ایشون، انگلینڈ کے جوروٹ، سری لنکا کے سنگاکارا، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ، جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز اور نیوزی لینڈ کے کین ولمیسن کو نامزد کیا گیا ہے۔

بہترین ٹیسٹ پلیئر کی کیٹیگری میں پاکستان کے یاسر شاہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے،  ان کے ساتھ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن، جو روٹ، سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ، بھارت کے ویرات کوہلی، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ اور نیوزی لینڈ کے کین ولیسمن شامل ہیں۔

بہترین ون ڈے پلیئرز کے نامزد کھلاڑیوں میں بھارت کے ایم ایس دھونی، ویرات کوہلی، روہت شرما، سری لنکا کے لاستھ ملنگا، سنگاکارا، آسٹریلیا کے مچل اسٹارک اور جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز شامل ہیں۔

دہائی کے بہترین ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی کیلئے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، آسٹریلیا کے ایرون فنچ، سری لنکا کے لاستھ ملنگا، افغانستان کے راشد خان، جنوبی افریقا کے عمران طاہر اور بھارت کے کوہلی اور روہت شرما میں مقابلہ ہے۔

آئی سی سی ’اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ‘ کیلئے 2 خواتین سمیت 9 کھلاڑی نامزدکیے گئے ہیں جن میں پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق بھی شامل ہیں۔

دیگر میں نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم، ڈینئل ویٹوری، کین ولیمسن، سری لنکا کے جے وردھنے، بھارت کے ویرات کوہلی، ایم ایس دھونی جبکہ خواتین میں انگلینڈ کی کیتھرین برنٹ اور اینیا شربسول شامل ہیں۔

شائقین کرکٹ اپنے پسندیدہ کرکٹر کو 16دسمبر تک ووٹ کر سکتے ہیں۔ 

مزید خبریں :