26 نومبر ، 2020
نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت نے کورونا کے حوالے سے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی اسکواڈ کو آخری وارننگ دے دی۔
محکمہ صحت نے پاکستان ٹیم مینجمنٹ کوتمام ارکان کو کمرے تک محدود رہنے کا پابند بنانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کےچندارکان کوسی سی ٹی وی پرآئیسولیشن قوانین کی خلاف ورزی کرتے دیکھا گیا۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ پہنچنے والے پاکستانی اسکواڈ کے 6 ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد انہیں مینجڈ آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق پاکستانی اسکواڈ کے 6 اراکان کی قرنطنیہ میں کم از کم 4 بار کورونا ٹیسٹنگ ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے والے تمام کرکٹرز ہیں اور پروٹوکولز کی اگر مزید خلاف ورزی ہوئی تو دورہ خدشات کا شکار ہو جائے گا۔
علاوہ ازیں اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم آکلینڈ میں آئسولیشن میں ہیں، انہوں نے ائیر پورٹ پر گلے میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔
قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ نیوزی لینڈ پر موجود ہے جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔