26 نومبر ، 2020
پاکستان کسٹمز پریوینٹیو کراچی نے اسمگل شدہ لگژری گاڑیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 16 لگژری گاڑیاں ضبط کرلیں۔
ذرائع کے مطابق ضبط کی گئی گاڑیوں میں سندھ بیوروکریسی کے اعلی افسران کی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
ترجمان کسٹمز کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 16 لگژری گاڑیاں ضبط کی گئیں، تمام گاڑیاں اعلیٰ سرکاری افسران، حکومتی عہدیداروں اوربااثرافراد کے زیر استعمال تھیں۔
ذرائع کے مطابق ایک نان کسٹم پیڈ جیپ سندھ بیوروکریسی کے اعلیٰ ترین افسرکے زیراستعمال تھی۔
ترجمان کے مطابق اسمگل شدہ گاڑیوں کی مالیت 18 کروڑ 70 لاکھ روپے ہے، ملوث افراد کیخلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پکڑی گئی گاڑیوں کے چیسز اور انجن نمبر تبدیل کیے گئے تھے۔