26 نومبر ، 2020
اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کا کورونا وبا کے دوران پاکستان کو دی گئی امداد سے متعلق بیان سامنے آیا ہے جس میں پاکستان کو دی گئی امداد کی تفصیل پیش کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے سفارت خانہ نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی 38 ہزار سے زائد خواتین طبی عملے کو سپورٹ فراہم کیا جوکہ امارات کے خواتین کو با اختیار بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ طبی سامان اور غذائی امداد پر مشتمل 35 ٹن امداد 3قسطوں میں پاکستان بھیجی گئی، یہ امداد پاکستانی فوج اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ذریعے پاکستان کے مختلف حصوں تک پہنچائی گئی۔
بیان کے مطابق کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والی خواتین میڈیکل ورکرز کو اس امداد کا فائدہ ہوا، 35ہزار846خواتین میڈیکل ورکرز کو اس امداد سے خود کو کورونا سےمحفوظ رہنے میں مدد ملی۔