28 نومبر ، 2020
صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے قبل ہی سیاسی گرما گرمی میں اضافہ ہوگیا۔
ملتان میں پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکن جلسے سے قبل ہی تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے تھے۔
اپوزیشن کارکنوں نے گراؤنڈ میں ہی ڈیرے ڈال دیے ہیں تاہم اب انتظامیہ نے بھی ری ایکشن دیتے ہوئے اپوزیشن کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔
پولیس نے مظاہرین پر اسٹیڈیم کے تالے و گیٹ توڑنے اور کار سرکار میں مداخلت پر تھانہ لوہاری گیٹ میں مقدمہ درج کر لیا۔
مقدمہ 70 نامزد اور 3 سو سے زائد نامعلوم افراد کےخلاف تھانہ لوہاری گیٹ کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کی مدعیت میں درج کیاگیا۔
دوسری جانب ملتان کی اسسٹنٹ کمشنر عابدہ فرید نے پولیس کے ساتھ مل کر جلسہ کیلئے کیٹرنگ کا سامان دینے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا اور متعدد گوداموں کو سیل کر کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔
پولیس تھانہ گلگشت نے پی ڈی ایم کے جلسہ کیلئے سامان دینے والے 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کورونا کے باعث آئسولیشن میں ہیں جبکہ جلسے میں پی ڈی ایم کی اعلیٰ قیادت سمیت بلاول کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری شرکت کریں گی۔