پاکستان
Time 29 نومبر ، 2020

پاکستان میں کورونا سے مزید 43 افراد ہلاک، 2829 نئے کیسز بھی رپورٹ

پاکستان میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید 43 مریض دم توڑ گئے جب کہ 2829 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 40 ہزار 369 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2829 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 43 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7985 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 3 لاکھ 95185 تک پہنچ گئے ہیں۔

اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1672 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

صوبوں کی صورتحال

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 171595 ہو گئی ہے جب کہ 2911 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 118585 ہے اور 2979 افراد وائرس میں مبتلا ہو کر جان سے جا چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 17101 اور ہلاکتیں 166 ہو چکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 46817 اور 1359 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 6682 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 164 افراد انتقال کر گئے ہیں۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4637 اور 97 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 29782 ہے اور اب تک 309 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 47390 ہے جس میں سے 286 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

مزید خبریں :