30 نومبر ، 2020
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ انہوں نے بغیر کسی گناہ کے دومرتبہ جیل کاٹی لہٰذا وہ گرفتاریوں کے خوف سے دیواریں پھلانگنے والی نہیں۔
ملتان روانگی کے موقع پر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نےکہا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے جلسے ہورہے ہیں وہاں کورونا نہیں پھیل رہا، کیا سارے ایس او پیز اپوزیشن کے لیے ہیں، کووڈ 19 تو چلا ہی جائے گا لیکن کووڈ 18 کو نکالنا ضروری ہے، اس حکومت کو اپنا گھر جانا نظر آ رہا ہے، اب اس حکومت کے آخری چند دن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں کے خوف سے دیواریں پھلانگنے والی نہیں، بغیر کسی گناہ کے دومرتبہ جیل کاٹ چکی ہوں اور مجھے تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں، مجھے گرفتار کیا بھی گیا تو کوئی ایشو نہیں ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم اس جدوجہد میں سب سے آگے ہیں تو ملتان والے بھی باہر نکلیں، آصفہ بھٹو زرداری بھی تشریف لا رہی ہیں، ملک پر مشکل آئی ہے تو بیٹیاں بھی گھروں سے باہر نکلی ہیں جب کہ ناکے اور گرفتاریاں حکومت کے خوف کی عکاس ہیں، یہ جلسہ ہونے سے پہلے ہی کامیاب ہو چکا ہے۔