عرب ایوارڈ پاکستانی اداکارہ سجل علی کے نام

فوٹو: سجل علی انسٹاگرام

رواں سال کا چوتھا سالانہ ڈسٹنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ (ڈیفا) پاکستانی اداکارہ سجل علی نے اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

ڈسٹنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ (ڈیفا) ہر سال منعقد کیا جاتا ہے اور رواں سال فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے دی پوائنٹ جمیرہ میں ہوا۔

سالانہ ڈیفا ایوارڈز بین الاقوامی اور عرب شخصیات کو ان کی کامیابیوں اور معاشرے کی بہتری کے لیے تعاون کرنے پر انہیں اعزاز کے طور پر دیا جاتا ہے۔

پاکستانی اداکارہ سجل علی کو ان کی شاندار اداکاری کی بنیاد پر ڈیفا ایوارڈ سے نوازا گیا جو کہ پاکستان کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے لیے باعث فخر ہے۔

اس حوالے سے اداکارہ سجل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایوارڈ کے ساتھ تصویر شیئر کی اور کہا کہ یہ ایوارڈ نا صرف ایک فنکار کی حیثیت سے میرے لیے بہت خاص ہے بلکہ یہ میرے قابل فخر پاکستانی ہونے کی حیثیت سے بھی خاص ہے۔

سجل علی کی ایوارڈ وصول کرتے وقت کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایوارڈ وصول کرتے وقت اپنے مداحوں کا شکر بھی ادا کر رہی ہیں۔

عرب ایوارڈ حاصل کرنے پر اداکارہ سجل علی کو ساتھی اداکار اور اداکاراؤں سمیت مداحوں کی جانب سے خوب داد دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :