02 دسمبر ، 2020
بھارت کو ون ڈے سیریز میں شکست دے کر آسڑیلیا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگیا۔
ایرون فنچ کی قیادت میں کھیلنے والی آسڑیلیا کی کر کٹ ٹیم کو اگرچہ کینبرا میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میں بھارتی ٹیم کے ہاتھوں 13رنز سے شکست ہو گئی تاہم پہلے دو میچ جیتنے کی بنیاد پر کینگروز کے دیس کی ٹیم نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
اس سال جولائی میں شروع ہونے والی آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میں یہ پانچ بار کی ورلڈ چیمپئن ٹیم آسڑیلیا کی دوسری سیریز تھی، اس سال جولائی میں آسڑیلیا نے انگلینڈ کے خلاف 3 ون ڈے کی سیریز بھی 1-2 کے مارجن سے اپنے نام کی تھی۔
بھارت کے خلاف سیریز میں فتح کے بعد آسڑیلیا اب پوائنٹس ٹیبل پر 4 فتوحات کے ساتھ 40 پوائنٹس لے کر پہلے نمبر پر آگیا ہے جب کہ ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم 10 پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہے۔
اس سال اکتو بر اور نومبر میں زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز 1-2 سے جیتنے والی پاکستان ٹیم کا تیسرا نمبر ہے۔
یاد رہے پہلی بار متعارف کروائی جا نے والی آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میں 13 ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر موجود پہلی سات ٹیمیں 2023 آئی سی سی ورلڈ کپ میں براہ راست شرکت کی اہل ہو نگی جب کہ 6 ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈز کھیلیں گی جس میں دو ٹیموں کا انتخاب ہوگا۔
ٹورنامنٹ کا میزبان بھارت براہ راست آئی سی سی ورلڈ کپ کھیلنے کا اہل ہو گا۔