احتجاجی کسانوں سے متعلق متنازع ٹوئٹ پر کنگنا رناوت مشکل میں پھنس گئیں

فوٹو: فائل

بالی وڈ فلم کوئن کی اسٹار کنگنا رناوت سوشل میڈیا پر متعدد معاملات پر اپنی رائے دینے سے نہیں کتراتی اور  مختلف معاملات میں بلاوجہ ٹانگ اڑانے کی وجہ سے انہیں اکثر مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ جاتا ہے۔

بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے ہندو انتہا نظریات سے متاثر اداکارہ کنگنا رناوت اس بار اپنی متنازع ٹوئٹ کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ کنگنا رناوت نے بھارت میں جاری کسانوں کے احتجاج میں شامل بھٹنڈا کی ایک بزرگ خاتون مہندر کور کی  تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

کنگنا رناوت نے احتجاج میں شامل بزرگ خاتون کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ 100 روپے کے عوض احتجاج میں پہنچ گئیں۔

بعدازاں بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی یہ متنازع ٹوئٹ تو فوراً ڈیلیٹ کر دی لیکن بھارتی شوبز شخصیات  سمیت عوام کی جانب سے ان پر تنقید کے تیر برسانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

اداکارہ کنگنا رناوت کی اس ٹوئٹ پر  اداکار دلجیت دوسانج بھی چپ نہ رہ سکے اور انہوں نے کنگنا کو کھری کھری سنا دیں جس کے بعد دونوں کے درمیان ایک نئی بحث چھڑ گئی۔

سوشل میڈیا صارفین اور بھارت کی پنجابی شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات اداکار دلجیت دوسانج کی حمایت میں سامنے آگئے اور انہوں نے کنگنا کو آڑے ہاتھوں  لے لیا۔

بھارت کے معروف گلوکار میکا سنگھ نے بھی متنازع بیان پر اداکارہ کنگنا رناوت سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

لدھیانا میں پنجابیوں کی جانب سے احتجاجاً اداکارہ کنگنا رناوت کا پتلا بنا کر ان کے دماغ کی سرجری   بھی کی گئی اور سوشل میڈیا پر کنگنا مودی کی چمچی، اسٹوپڈ کنگنا اور کنگنا نیڈ ٹریٹمنٹ جیسے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ 

مزید خبریں :