07 دسمبر ، 2020
اداکارہ و میزبان ویناملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے اپنے ایک بیان میں وینا ملک سے شادی کی وجوہات کے بارے میں بتا دیا۔
وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے کہا کہ سب سوال کرتے ہیں کہ وینا ملک سے شادی کیوں کی؟، وینا دبئی قونصلیٹ میں ملی تھی اور ہماری شادی 8 دن میں طے پائی۔
اسد خٹک نے کہا کہ وینا پر تنقید کی تھی اس کی وجہ سے پاکستان کا امیج خراب ہوا، اس پر وینا کا مؤقف تھا کہ پاکستان کے خلاف جو کیا مجبوری میں کیا۔
انہوں نےکہا کہ وینا کا مؤقف تھا کہ راہ راست پر آنا چاہتی ہوں اور بطور مسلمان میں نے اس بھٹکی عورت سے شادی کی اور اسے راہ راست پر لانے کی بہت کوشش کی۔
وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے یہ شادی نہیں چل سکی، وینا نے ہر چیز میں مجھ سے جھوٹ بولا اور وینا ملک میرے بچوں کے ساتھ بھی برا سلوک کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے ان پر دونوں بچوں کو غیر قانونی طریقے سے دبئی سے پاکستان منتقل کرنے کے الزام عائد کرتے ہوئے 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا تھا۔
اسد خٹک نے کہا تھا کہ وینا نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باجود نہ مجھے اپنے بچوں سے ملنے دیا اور نہ ہی ان سے بات کرنے دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تنگ آکر مجھے قانونی راستہ اپنانا بڑا اور دبئی کی عدالت نے بھی میرے حق میں فیصلہ کیا لیکن وینا فرار ہوئی اور بچے متحدہ عرب امارات سے پاکستان اسمگل کر دیے گئے۔
واضح رہے کہ وینا ملک نے 2013 میں اسد خٹک سے شادی کی تھی اور ان کے دو بچے ہیں جب کہ انہوں نے 2017 میں اسد خٹک سے خلع لے لی تھی۔