08 دسمبر ، 2020
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ حکومت اب خود جانے والی ہے اور اس کی ایف آئی آر کی کوئی حیثیت نہیں۔
اسلام آباد روانگی کے موقع پر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ لاہور جس طرح سے کل نکلا پوری دنیا نے دیکھا، لاہور کے جلسے سے حکومت کی جان نکلی ہوئی ہے کیونکہ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ عوام پی ڈی ایم اور نوازشریف کی طرف دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی سنا ہے کسی جلسے پر تین تین ہزار ایف آئی آر کٹی ہوں، اتنی ایف آئی آرز کاٹی گئیں کہ ان کا خوف نہیں رہا، حکومت اب خود جانے والی ہے اس کی ایف آئی آر کوئی حیثیت نہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں سارے آپشنز زیر غور ہیں، کچھ چیزوں پر کافی ڈسکشن ہوچکی اور آج کی میٹنگ اہم ہے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اس تحریک کو عوام لیڈ کر رہے ہیں اور یہ عوام کی تحریک ہے، یہ عوام کو مشکلات سے نکالنے کی تحریک ہے، مریم نواز ہو یا کوئی اور، یہ تحریک کبھی نہیں رکے گی اور حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔