14 دسمبر ، 2020
بالی وڈ کی معروف فلم ’کبھی خوشی کبھی غم ‘کی ریلیز کو 19سال مکمل ہوچکے ہیں تاہم یہ اب بھی فلم بینوں کے دلوں پر راج کررہی ہے۔
ہدایت کار کرن جوہر کی 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم 'جسے KG3 کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے' نے اپنے بہترین گانوں، جملوں اور اداکاری کی بدولت متعدد ایوارڈز حاصل کیے۔
کرن جوہر نے ایک ٹوئٹ میں فلم پر مداحوں کی جانب سے بے پناہ اور مسلسل محبت ملنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
فلم میں اداکار شاہ رخ خان،کاجول ،کرینہ کپور، ریتھک روشن ،امیتابھ بچن اور جیا بچن نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے تاہم یہ بات شاید آپ کو معلوم نہ ہو کہ اس فلم میں شاہ رخ کے بیٹے آریان خان اور امیتابھ کے بیٹے ابھیشک بچن نے بھی کام کیا تھا، اس کے علاوہ بھی اور کچھ حقائق ہیں جو کہ دلچسپی سے خالی نہیں۔
شاہ رخ کے بیٹے آریان خان ابھی تک کسی فلم میں جلوہ گر نہیں ہوئے تاہم 2001 میں ریلیز ہونے والی 'کبھی خوشی کبھی غم' میں انہوں نے شاہ رخ کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا۔
ابھیشک بچن یوں تو ایک سال قبل فلم ریفیوجی سے فلی کیریئر کا آغاز کرچکے تھے تاہم اس فلم میں بھی ان کا کرینہ کپور کے ساتھ ایک سین تھا تاہم فلم کی ایڈیٹنگ کے دوران یہ منظر ہٹادیا گیا۔
فلم میں ماضی کی معروف اداکارہ وحیدہ رحمان کو امیتابھ بچن کی والدہ کا کردار ادا کرنا تھا تاہم اپنے شوہر کی وفات کے باعث وہ اس کردار سے دستبردار ہوگئیں اور ان کی جگہ ایک اور سینئیر اداکارہ اچالا سچدیو نے یہ کردار ادا کیا۔
کہا جاتا ہےکہ بالی وڈ ہیرو جان ابراہم کو اس فلم میں ڈیبیو کرنے کا موقع ملا تھا جس میں انہیں کرینہ کپور کےکالج کے دوست کا کردار ادا کرنا تھا تاہم انہوں نے بھی یہ کردار ادا کرنے سے انکار کردیا اور ان کی جگہ وکاس سیٹھی کو یہ کردار دیا گیا، بعد ازاں 2 سال بعد جان ابراہم نے فلم 'جسم' میں ہیرو کی حیثیت سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔
اداکار اور ہدایت کار جُگل ہنس راج کو بھی فلم میں ایک مختصر کردار ملا تھا جس میں وہ ریتھک روشن کے کالج کے دوست کے روپ میں نظر آئے تھے۔
فلم بینوں نے ’کبھی خوشی کبھی غم ‘ میں بعض غلطیاں بھی نوٹ کیں جن پر بحث آج بھی جاری ہے، جن میں سے ایک یہ ہے کہ جب ریتھک روشن نئے کالج آتے ہیں تو ان کے پاس لمبرگنی کار ہوتی ہے اور بعد ازاں ایک دوسرے منظر میں جب وہ شاہ رخ کو لفٹ دیتے ہیں تو ان کے پاس مرسڈیز ہوتی ہے، گوکہ فلم میں انہیں ایک رئیس زادہ دکھایا گیا ہے جس کے پاس 2 مہنگی گاڑیاں ہونا اچنبھے کی بات بھی نہیں۔
فلم میں 10 سال پرانا منظر دکھایا گیا ہے جس میں امیتابھ بچن اپنی سالگرہ میں ' آتی کیا کھنڈالہ' گارہے ہیں جب کہ گانا عامر خان کی فلم 'غلام' کا ہے جو کہ ’کبھی خوشی کبھی غم ‘ سے 3 سال قبل 1998 میں ریلیز ہوئی تھی۔