18 دسمبر ، 2020
لاہور: اسپورٹس بورڈ پنجاب اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت پاکستان کا پہلا کھیلوں کا ترانہ 'میں ہوں ستارہ' جاری کردیا گیا ہے۔
گزشتہ روز پنجاب فٹ بال اسٹیڈیم میں پاکستان کا پہلا کھیلوں کا ترانہ 'میں ہوں ستارہ' جاری کیا گیا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین اسپورٹس بورڈ پنجاب راؤ زاہد قیوم، سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز پنجاب فواد ہاشم ربانی اور دیگر شریک تھے۔
اسپورٹس بورڈ پنجاب اور اسپورٹس ایوارڈ کے تعاون سے بننے والے ترانے میں قومی کھیل ہاکی سمیت دیگر کھیلوں اور قومی ہیروز کی پزیرائی و اہمیت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
پاکستان کا پہلا کھیلوں کا ترانہ جاری کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی کا کہنا تھا کہ یہ ترانی نوجوان نسل میں کھیلوں کے جذبے کو بڑھانے کے لیے جاری کیا گیا ہے جو پاکستان کے تمام اسپورٹس سے وابستہ اتھلیٹس کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
'میں ہوں ستارہ' میں نوجوان گلوکار عاصم اظہر، گلوکارہ آئمہ بیگ اور رامس نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔