کاشف ضمیر کون ہے اور اس نے انگین آلتان کو پاکستان کیوں بلایا؟

فوٹو: انسٹاگرام/کاشف ضمیر چوہدری

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر شہرہ آفاق ترکش ڈرامے ارطغرل غازی کے ہیرو انگین آلتان کے ساتھ کاشف ضمیر چوہدری کی تصاویر خوب وائرل ہوئیں۔

پاکستان میں ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے انگین آلتان کے بے شمار مداح ہیں اور جب یہ پاکستان آئے تو عوام کی توجہ اس شخص کی طرف زیادہ مرکوز ہو گئی جو انہیں پاکستان لایا۔

انگین آلتان جب پاکستان سے واپس ترکی روانہ ہو گئے تو انہیں پاکستان لانے والے کاشف ضمیر چوہدری گرفتار ہو گئے جس نے لوگوں کو تجسس میں مبتلا کر دیا۔

کاشف ضمیر چوہدری کون ہے؟

کاشف ضمیر چوہدری ایک معروف ٹک ٹاک اسٹار ہے اور اسے سونے کی بھاری چین اور گھر میں شیر پالنے والے کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے۔

کاشف ضمیر چوہدری 'چوہدری گروپ آف کمپنیز پنجاب' کا مالک بھی ہے اور سوشل میڈیا پر اس کی متعدد سیاستدانوں سمیت دیگر شخصیات کے تصاویر بھی موجود ہیں۔

کاشف ضمیر چوہدری کو گرفتار کیوں کیا گیا؟

پولیس کے مطابق انگین آلتان کی میزبانی کرنے والا کاشف ضمیر 8 مقدمات میں نامزد ہے جس کے باعث ملزم کاشف ضمیر کو ساتھیوں سمیت گرفتارکیا گیا ہے۔

پولیس کاکہنا ہے کہ ملزم کے خلاف فراڈ، امانت میں خیانت، کار چوری اور ڈکیتی سمیت سنگین مقدمات درج ہیں۔

کاشف ضمر چوہدری پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے ترکش اداکار انگین آلتان کو جعلی چیک دے کر دھوکا بھی دیا ہے۔

جیو نیوز کے رپورٹر زاہد شیروانی کے مطابق کاشف ضمیر نے ترکش اسٹار انگین آلتان کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا اور انہیں 5000 ڈالر کا چیک بھی دیا اور جب انگین آلتان نے یہ چیک کیش کروایا تو وہ باؤنس ہو گیا۔

دوسری جانب ترکش اداکار انگین آلتان نے کاشف ضمیر چوہدری کے خلاف تا حال کوئی شکایت درج نہیں کرائی۔

 واضح رہے کہ رواں ماہ شہرہ آفاق ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترکش اداکار انگین آلتان لاہور کے مختصردورے پر آئے تھے جہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران انگین آلتان نے پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔

مزید خبریں :