Time 18 دسمبر ، 2020
انٹرٹینمنٹ

کیا انس سید نے اداکارہ ثناء خان کو فلم انڈسٹری چھوڑنے پر مجبور کیا؟

فوٹو: فائل

بالی وڈ کی سابق اداکارہ ثناء خان شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر چکی ہیں لیکن اس حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ ایسا کرنے کے لیے انہیں ان کے شوہر انس سید نے مجبور کیا۔

حال ہی میں عالم دین انس سید سے رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے والی بالی وڈ اداکارہ اپنی شادی کے حوالے سے بہت خوش ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے ایک بیان بھی دیا تھا کہ انس جیسے شخص کے لیے کئی سال دعائیں کیں۔

ناقدین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اداکارہ ثناء خان کو شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے لیے ان کے عالم دین شوہر انس سید نے مجبور کیا۔

اس حوالے سے انس سید کا کہنا ہے کہ میرا ثناء سید کو فلم انڈسٹری چھڑوانے میں کوئی ہاتھ نہیں ہے بلکہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ہمارے رشتے کے حوالے سے سوالات کرنے کی اجازت ہے لیکن ہمارے رشتے سے متعلق خدشات ان کی چھوٹی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، ہم ایک دوسرے کے لیے کتنے اہل ہیں یہ ہمارا ذاتی معاملہ ہے۔

انس سید نے کہا کہ میں نے کبھی ثناء سے اس طرح زندگی گزارنے کو نہیں کہا، اس نے 6 ماہ قبل سوشل میڈیا کے ذریعے حجاب کرنے کا اعلان کیا تو لوگوں نے سوچا کہ شاید اداکارہ نے ایسا کورونا اور کام نہ ہونے وجہ سے کیا ہے لیکن وہ ہمیشہ سے ہی اس شعبے سے جان چھڑانا چاہتی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میں چاہتا تھا کہ ثناء اپنے پیشے کو چھوڑنے میں کچھ وقت لے لیکن اس نے اتنی جلدی انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کر کے مجھے بھی حیران کر دیا۔

انس سید نے بتایا کہ میں نے اللہ سے دعا کی کہ مجھے ثناء سے شادی کرنی ہے اور اس نے میری دعا قبول کر لی، میں سمجھتا ہوں کہ میں اگر کسی اور کے ساتھ شادی کرتا تو شاید اس قدر خوش نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ثناء صرف اپنے بارے میں سوچنے والی نہیں ہے بلکہ وہ خوش اخلاق، معاف کرنے والی اور صاف دل رکھنے والی خاتون ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ ثناء خان نے بالی وڈ کو رواں برس کے آغاز میں خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا جبکہ ان کی عالم دین انس سید سے شادی گزشتہ برس نومبر میں ہوئی ہے۔

مزید خبریں :