کھیل
Time 20 دسمبر ، 2020

حفیظ کی 99 رنز کی اننگز رائیگاں، پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست

نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دیکر سیریز بھی اپنے نام کر لی۔

ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 164 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر  پورا کر لیا۔

نیوزی لینڈ کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارٹن گپٹل تھے جو 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ٹم سیفرٹ نے 84 اور کیوی کپتان کین ولیمسن نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔

محمد حفیظ کی 99 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دے دیا۔

قبل ازیں پاکستان کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے حیدر علی اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں ٹم ساؤتھی نے پہلے حیدر علی اور پھر عبداللہ شفیق کو آؤٹ کر دیا۔

33 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان بھی 22 رنز بنا وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ شاداب خان اور خوشدل شاہ اور فہیم اشرف بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ دکھا سکے۔

ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری جانب تجربہ کار محمد حفیظ اپنا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے گئے اور آخری اوور میں دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 99 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے مقررہ 20  اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 163 رنز اسکور کیے جبکہ نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے اور کوشش ہو گی کہ اس وکٹ پر اچھا ٹارگٹ سیٹ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ نیوزی لنیڈ نے پہلے میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔

مزید خبریں :