20 دسمبر ، 2020
بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے اپنے بیٹے تیمور علی خان کی چوتھی سالگرہ پر سوشل میڈیا پر محبت سے بھرپور جذبات کااظہار کیا ہے۔
سالگرہ کے موقع پر کرینہ نے انسٹاگرام پر تیمور کی ایک پیاری سی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ گھاس کاگٹھا اٹھائے گائے کو کھلانے جارہے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے تیمور کی دیگر سرگرمیوں پر مشتمل تصاویر کا کولاج بھی شیئر کیا جس میں تیمور کہیں برف سے کھیل رہے ہیں تو کہیں بکری کے بچوں کے ساتھ دل بہلا رہے ہیں۔
اپنی پوسٹ میں کرینہ نے لکھا ہے کہ 'میں تمہاری چوتھی سالگرہ پر بہت زیادہ خوش ہوں، مجھے خوشی ہے کہ تم جو کرنا چاہتے ہو وہ ہمت ،لگن اور بھرپور توجہ سے کرتے ہو جس پر مجھے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے، جس طرح تم گائے کو گھاس کھلا رہے ہو تو میری دعا ہے کہ خدا آپ کو ہمیشہ محنتی انسان بناکر رکھے'۔
کرینہ نے تیمور کو مشورہ دیا ہے کہ 'راستے میں برف سے کھیلنا، پھول توڑنا ،درختوں پر چڑھنا اور ہاں اپنا سارا کیک کھانا مت بھولنا، اپنے خواب پورے کرنے کے لیے محنت کرنا اور اپنی خوشی کا کام کرنا،تمھیں سالگرہ بہت مبارک ہو، ہمیشہ مسکراتے رہو ، تمھاری ماں سے زیادہ تم سے کوئی پیار نہیں کرسکتا ہے'۔
کرینہ کپور اور اداکار سیف علی خان کے بیٹے تیمور کی چوتھی سالگرہ پر مداحوں کی جانب سے محبت بھرے پیغامات بھیجے جارہے ہیں اور کرینہ کی اس پوسٹ کو خوب پسند کیا جارہا ہے۔