دنیا
Time 21 دسمبر ، 2020

ناروے نے بھی برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگادی

دیگر یورپی ممالک کے بعد ناروے نے بھی برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر فوری پابندی عائد کردی ہے۔

نارویجیئن وزیر صحت کے مطابق یہ پابندی برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی شناخت ہونے پر لگائی گئی ہے اور فوری طور پر یہ پابندی 48 گھنٹوں تک رہے گی۔

خیال رہےکہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے اور یہ قسم تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس کے باعث برطانیہ میں کورونا کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

 برطانوی حکومت نے نئی لہر کے بعد لاک ڈاؤن کے چوتھے درجے کی پابندیاں متعارف کرادی ہیں اور متاثرہ علاقوں کے شہریوں کو علاقہ چھوڑنے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

یورپی ممالک نیدرلینڈز، بیلجیم ،آسٹریا اورجرمنی نے بھی برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے تمام پروازیں روک دی ہیں اور ان کے علاوہ دیگر ممالک بھی ایسے اقدام پر غور کررہے ہیں۔