دنیا
Time 23 دسمبر ، 2020

جرمنی میں پاکستانی نژاد نائب امام مسجد کو بے دردی سے قتل کردیا گیا

واقعہ جرمنی کے شہر اسٹٹ گارٹ میں پیش آیا، پاکستانی نژاد شاہد نواز قادری کے سر پر حملہ آور نے کوئی چیز ماری جس سے ان کی موت واقع ہوئی— فوٹو: فائل

جرمنی میں ایک پاکستانی نژاد نائب امام مسجد کو ان کے گھر کے قریب نامعلوم حملہ آور نے قتل کردیا۔

اطلاعات کے مطابق واقعہ جرمنی کے شہر اسٹٹ گارٹ میں پیش آیا۔ پاکستانی نژاد شاہد نواز قادری کے سر پر حملہ آور نے کوئی چیز ماری جس سے ان کی موت واقع ہوئی۔

شاہد نواز مسجد المدینہ اسٹٹ گارٹ نائب خطیب تھے۔ حملہ آوروں کی شناخت اور حملہ کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

اس حوالے سے جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شخص پاکستانی شہری تھا جسے 21 دسمبر کو قتل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے اور حملہ آور کی تلاش تاحال جاری ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ انہوں نے فرینکفرٹ کے قونصل جنرل کو مقتول کے اہل خانہ سے ملاقات اور ہر ممکن تعاون کے لیے بھیجا ہے اور وہ پولیس سے بھی ملاقات کریں گے۔

مزید خبریں :