01 جنوری ، 2021
بالی وڈ میں اداکاروں اور اداکاراؤں کے معاوضے کے حوالے سے ہمیشہ ہی بحث رہی ہے اور کئی اداکارائیں بھی کروڑوں روپے معاوضہ وصول کررہی ہیں۔
معاوضے سے متعلق سوال پر کرینہ کپور کو بھی اس وقت خفت کا سامنا کرنا پڑا جب انیل کپور نے اپنی پروڈیوس کردہ فلم میں اداکارہ کے معاوضے کے حوالے سے بتایا۔
اداکارہ کرینہ کپور کے چیٹ شو’وٹ وومن وانٹ‘ میں اداکار انیل کپور اور ہدایت کار انوراگ باسو نے شرکت کی۔
اس دوران اداکارہ نے پوچھا کہ ہالی وڈ میں کئی اداکاروں نے اس وقت تک کام کرنے سے انکار کردیا ہے جب تک ان کے ساتھ اداکاراؤں کو برابر کا معاوضہ نہیں دیا جاتا، اس پر انیل کپور نے کہا کہ آپ نے تو مجھ سے بہت پیسے لیے ہیں۔
انیل کپور نے بتایا کہ فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کیلئے کرینہ اتنا معاوضہ مانگاکہ پروڈیوسرز نے کال کرکے کہا کہ ’یار یہ تو ہیرو سے بھی زیادہ پیسے مانگ رہی ہے ، جس پر میں نے کہا کہ دے دو۔
خیال رہے کہ فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کے پروڈیوسرز میں انیل کپور اور ایکتا کپور سمیت دیگر شامل تھے۔