05 جنوری ، 2021
بھارت کی معروف آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی صاحبزادی اور اداکارہ جھانوی کپور نے 39 کروڑ بھارتی روپے کا نیا گھر خرید لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جھانوی کپور نے ممبئی میں 39 کروڑ روپے (85 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کے عالیشان گھر کی ملکیت حاصل کرلی ہے۔
3،456 مربع فٹ پر پھیلاجھانوی کپور کا عالیشان گھر ممبئی کی جوہو بلڈنگ کی 14,15اور 16 ویں منزل پر قائم ہے۔
اداکارہ نے گھر خریدنے کے معاہدے کی تکمیل گزشتہ ماہ 7 دسمبر کو مکمل کی۔
ایک اور بھارتی رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے 78 لاکھ روپے اسٹامپ ڈیوٹی کی مد میں اداکیے۔
عالیشان گھر خریدنے کے بعد اداکارہ جھانوی کپور بھی مہنگے ترین گھر رکھنے والی بالی وڈ شخصیات میں شامل ہوگئی ہیں۔
اس سے قبل اداکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار ریتھک روشن عالیشان گھر خریدنے کے باعث میڈیا کی زینت بنے ہوئے تھے۔