06 جنوری ، 2021
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے استعفوں پر پڑے پڑے کائی جم گئی ہے اور راجکماری شہر شہر پھر رہی ہیں۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ چینی مافیا سو فیصد ختم نہیں ہوا، اس کی جڑیں ابھی مضبوط ہیں لیکن اس مافیا کو ہم نے شکست دینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی شوگر ملیں نہیں ہیں، شریف خاندان اور زرداری کا چینی میں گٹھ جوڑ ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن استعفوں کو اصل جگہ پہنچائے اور ہم ان کی اچھی طرح دیکھ بھال کریں گے، اپوزیشن عوام کو دکھائے استعفے کون سی بوریوں میں ڈالے ہیں، کہیں انہیں فنگس تو نہیں لگ گئی۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ’میں نہیں مانتا، میں نہیں جانتا‘ کا سر نیب کو سنا رہے ہیں اور حبیب جالب کی روح اس سے تڑپ رہی ہے۔