07 جنوری ، 2021
امریکا کے سابق صدر جارج ڈبلیو بُش نے کیپیٹل ہل (پارلیمنٹ) پر حملے کو بنانا ری پبلک سے تشبیہ دے دی۔
کیپیٹل ہل کی عمارت پر مظاہرین کے دھاوے پر اپنے ردعمل میں جارج ڈبلیو بش کا کہنا تھا کہ کچھ سیاستدانوں نے الیکشن کے بعد اداروں کو متنازع بنانے کے لیے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا جبکہ کچھ ساتھی ری پبلکنز نے مظاہرین کو اکسانے کے لیے ایندھن کا کام کیا۔
جارج ڈبلیو بش کا کہنا تھا کہ متنازع انتخابات بنانا ری پبلک میں ہوتے ہیں نہ کہ امریکا جیسے جمہوری ملک میں۔
دوسری جانب سابق صدر باراک اوباما نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ایوان پر حملہ حیران کن نہیں بلکہ باعث شرم ہے۔
خیال رہے کہ امریکی انتخابات میں جوبائیڈن کی فتح کی توثیق کے لیے ایوان نمائندگان میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے پرتشدد مظاہرہ کیا گیا اور مظاہرین رکاوٹیں اور سیکیورٹی حصار توڑ کر کیپیٹل ہل کی عمارت میں داخل ہو گئے تھے۔