Time 08 جنوری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

پریانکا چوپڑا کی برطانیہ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی

فوٹو: ڈیلی میل

برطانیہ میں عالمی وبا کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ کیے جانے والے لاک ڈاؤن میں سیلونز اور اسپا بھی بند ہیں لیکن حال ہی میں بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو لندن میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا لندن میں اپنی والدہ مدھو چوپڑا کے ہمراہ ہیئر سیلون گئیں جہاں سیلیبرٹی اسٹائلسٹ جوش ووڈ بھی موجود تھے۔

پولیس کو جیسے ہی اس معاملے کی اطلاع ملی تو وہ سیلون پہنچ گئی جہاں پولیس نے سیلون کے مالک کو متنبہ کیا لیکن ان پر جرمانہ عائد نہیں کیا۔

دوسری جانب اداکارہ پریانکا چوپڑا کے ترجمان کی جانب سے اس معاملے پر وضاحت جاری کی گئی ہے جس کے مطابق 'حکومت کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اداکارہ فلم کے لیے اپنے بالوں کو رنگ کرانے کے لیے سیلون آئی تھیں اور اس وقت وہ لندن میں شوٹنگ کر رہی ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ سیلون کو نجی طور پر صرف فلم کی پروڈکشن کے لیے کھولا گیا تھا اور ایس او پیز پر مکمل عمل کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے اداکارہ پریانکا چوپڑا نےبھی بیان جاری کیا کہ 'جیسا کے ہم سب کو معلوم ہے کہ برطانیہ میں فلم اور ٹی وی کی تیاری جاری رکھنے کی اجازت ہے اور جب پولیس کو قانونی طور پر کاغذات فراہم کیے گئے تو وہ مطمئن ہو کر چلے گئے'۔

مزید خبریں :