Time 08 جنوری ، 2021
پاکستان

73 فیصد پاکستانی کورونا کیخلاف حکومتی کارکردگی کے معترف

73 فیصد پاکستانی کورونا کیخلاف حکومتی کارکردگی کے معترف نکلے۔

گیلپ پاکستان نے ایک ہزار سے زائد افراد کی آرا پر مبنی نیا سروے جاری کردیا  جس کے مطابق 23 فیصد نے کارکردگی سے غیر مطمئن ہونے کا کہا۔

حکومتی کارکردگی سے مطمئن ہونے میں پاکستانیوں کی شرح عالمی اوسط سے 21 فیصد زیادہ ہے جبکہ مطمئن افراد کی شرح کے لحاظ سے 32 ممالک میں پاکستان کا نمبر آٹھواں ہے۔

یہ سروے 21 اکتوبر سے 15 دسمبر 2020 کے درمیان کیا گیا ۔ سروے کے مطابق ہر 10 میں سے 7 پاکستانی یعنی 73 فیصد نے حکومت کی کورونا کیخلاف کارکردگی کو اچھا قرار دیا  جبکہ 23 فیصد نے حکومتی کارکردگی کو بُرا کہا، 4فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔

گیلپ پاکستان کے مطابق حکومتی کارکردگی سے مطمئن افراد کی شرح میں مارچ 2020 اور اکتوبر سے دسمبر 2020 کے درمیان اضافہ دیکھا گیا ہے۔ مارچ میں مطمئن افراد کی شرح 60 فیصد تھی، اپریل میں 82 فیصد، جون میں 67 فیصد ، اگست میں 69 فیصد ، ستمبر میں 70 فیصد اور اکتوبر سے دسمبر کے درمیان یہ شرح 73 فیصد پر دیکھی گئی۔

پڑوسی ملک بھارت سے موازنہ کیا جائے تو 87 فیصد بھارتی اپنی حکومت کی کورونا وباء کیخلاف کارکردگی کو سراہتے نظر آئے جبکہ 13 فیصد نے بھارتی حکومت کی کارکردگی کو بُرا کہا۔

سروےمیں پاکستانیوں کی رائے کا موازنہ 32 ممالک کی مجموعی رائے سے بھی کیا گیا جس میں دیکھا گیا کہ  عالمی سطح پر 52فیصد افراد کورونا کیخلاف اپنی حکومتوں کی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے جبکہ 45 فیصد نے غیر مطمئن ہونے کا کہا۔

کورونا کیخلاف اپنی حکومتوں سے سب سے زیادہ مطمئن ممالک کی فہرست میں پاکستان 73 فیصد کے ساتھ آٹھویں نمبر پر دکھائی دیا۔

اس فہرست میں پہلے نمبر پر 99.8 فیصد کے ساتھ ویتنام نظر آیا، چین 99.1 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر، انڈیا 87 فیصد کے ساتھ تیسرے،جنوبی کوریا 82.1 فیصد کے ساتھ چوتھے، ڈنمارک 78.6 فیصد کے ساتھ پانچویں ، فن لینڈ اور ملائیشیا75.5 فیصد کے ساتھ چھٹے، کینیڈا 74.9 فیصد کے ساتھ ساتویں نمبر پر فہرست میں موجود ہے۔

انڈونیشیا 71.3 فیصد کے ساتھ نویں نمبر پر جبکہ جرمنی 63.1 فیصد کے ساتھ کورونا کیخلاف اپنی حکومت کی کارکردگی سے سب سے زیادہ مطمئن افراد کی فہرست میں دسویں نمبر پر نظر آیا۔

مزید خبریں :