صبا قمر کی ویب سیریز 'من جوگی' کی شوٹنگ مکمل

فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی زی فائیو پر جلد ریلیز کی جانے والی ویب سیریز 'من جوگی' کی شوٹنگ مکمل ہو گئی ہے۔

اداکارہ نے اس حوالے سے اپنے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ساتھی اداکار آغا مصطفیٰ کے ساتھ موجود ہیں۔

تصویر کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ 'یہ مکمل ہو گئی ہے'۔

صبا قمر نے ویب سیریز 'من جوگی' میں ساتھی اداکار آغا مصطفیٰ کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی شیئر کیا اور کہا کہ تمہارے ساتھ کام کرنا بے حد اچھا رہا، تم ایک بہترین کو اسٹار ہو، صدا خوش رہو۔

دوسری جانب اداکار آغا مصطفیٰ نے بھی صبا قمر کی پوسٹ کو ری شئیر کیا اور کہا کہ 'من جوگی' کی شوٹنگ مکمل ہو گئی ہے۔

اداکار آغا مصطفیٰ نے کہا کہ تمہارے ساتھ کام کرنا میرے کیریئر کا سب سے بہترین تجربہ رہا ہے، تم ایک رحم دل اور بہترین انسان ہو جس نے مجھے بہت کچھ سکھایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب مجھ سے انتظار نہیں ہو رہا کہ ہم نے جو محنت کی ہے اس کا نتیجہ کیسا دکھتا ہے۔

خیال رہے کہ 'من جوگی' ایک ویب سیریز ہے جسے زی فائیو پر ریلیز کیا جائے گا جس کی ہدایت کاری کاشف نثار نے دی ہے جب کہ اس کی کہانی ساجی گُل نے لکھی ہے۔

ویب سیریز میں اداکارہ صبا قمر، اداکار نعمان اعجاز، عظمیٰ حسن، گل راعنا اور آغا مصطفیٰ نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

مزید خبریں :