Time 09 جنوری ، 2021
دنیا

ٹرمپ نے فوری استعفیٰ نہ دیا تو ان کا مواخذہ کیا جائےگا: اسپیکر پلوسی

واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہےکہ اگر صدر ٹرمپ نے فوری استعفیٰ نہ دیا تو ان کا مواخذہ کیا جائےگا۔

اسپیکر نینسی پلوسی کاکہنا تھا کہ اگر امریکی صدر ٹرمپ فوری طور پر استعفیٰ نہیں دیتے تو ایوان کیپیٹل ہل واقعے کی حوصلہ افزائی کرنے پر ان کے مواخذے کی تحریک پر کارروائی شروع کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایوان نمائندگان کے ممبران کو امید ہے کہ ٹرمپ فوری استعفیٰ دیں گے لیکن وہ ایسا نہیں کرتے تو میں نے ایک رولز کمیٹی تشکیل دی ہے جو کانگریس رکن جیمی راسکن کے ساتھ مل کر صدر کے مواخذے کے لیے 25 ویں ترمیم کی قانون سازی کے تحت تحریک پیش کرنے کی تیاری کرے گی۔

اسپیکر کا کہنا تھا کہ ایوان کے پاس ٹرمپ کو ہٹانے کے لیے 25 ویں ترمیم، مواخذے کی تحریک اور قرارداد سمیت ہر آپشن موجود ہے۔

دوسری جانب کانگریس کی خاتون رکن پرمیلا جے پال نے بھی مطالبہ کیا کہ صدر کے مواخذے کی کارروائی فوری شروع کی جانی چاہیے اور اسے ابھی کرنا چاہیے۔

کانگریس رکن کیلی کاہلے نے بھی 25 ویں ترمیم یا مواخذے کے ذریعے صدر کو فوری ہٹانے کی بھرپور حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کا ہر دن امریکا کے لیے انتہائی غیر محفوط ہے۔

مزید خبریں :